سعودی فرمانروا اور ولی عہد نے شام اور ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے بعد متاثرین کو امداد پہنچانے کے لیے فضائی پُل قائم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف مرکزکے ایس آر ای ایف کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری امداد مہیّا کرنے کے لیے فضائی پل قائم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سرکاری پریس ایجنسی کے مطابق اس فضائی پل کے ذریعے زلزلے سے متاثرہ شامی اور ترک عوام کو طبی سامان، ادویہ ،رہائش کے لیے خیمے، خوراک کا سامان مہیا کیا جائے گا ساتھ ہی یہ لاجسٹک معاونت بھی مہیّا کرے گا۔
دونوں ممالک میں زلزلے سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے ”سہیم“ پلیٹ فارم کے ذریعے ایک مہم کا انعقاد بھی شامل ہے۔
شاہی دیوان کے مشیراور کے ایس ریلیف کے نگران اعلیٰ ڈاکٹرعبداللہ بن عبدالعزیزنے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ امداد سعودی عرب کی جانب سے زلزلے سے متاثرہ افراد کے ساتھ مصیبت کی اس گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی خواہش کی مظہرہے۔