Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 فروری 2023 07:23pm

آئی جی کے پی سے دہشتگردی سے متعلق بیان پر وضاحت طلب

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری سے دہشتگردی سے متعلق میڈیا پر دیئے گئے بیان پر وضاحت مانگ لی۔

اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا، آئی جی خیبرپختونخوا، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری سے دہشت گردی سے متعلق بیان پر وضاحت مانگی گئی۔

اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات کی شفافیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران غیر جانبدار افسران کی تعیناتی انتہائی ضروری ہے، صوبوں میں انتظامی پوسٹوں پر افسران کی تعیناتی غیر جانبداری کے ساتھ کی جائے۔

سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ ڈی آر او اور آر او کی کسی سیاسی جماعت سے وابستگی کی صورت میں کارروائی کی جائے،البتہ الیکشن کمیشن پاک فوج اور ایف سی کی تعیناتی کے لئے وزارت داخلہ اور وزارت دفاع سے رابطے میں ہ۔

چیف الیکشن کمشنر نے آئی جی خیبرپختونخوا کو ہدایت کی کہ فوج اور فرنٹیر کور کی تعیناتی سے متعلق مزید ورکنگ کی جائے۔ اس موقع پر معظم جاہ انصاری نے بتایا کہ انتخابات کے دوران دہشت گردی کی کارروائیوں کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا، یہ نہیں کہا جاسکتا کہ آئندہ انتخابات مکمل طور پر پرامن ہوں گے۔

آئی جی خیبرپختونخواہ نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ صوبے میں انتخابات کے لئے 57 ہزار اہلکاروں کی کمی ہے، پولیس اور گلگت بلتستان کی پولیس کی خدمات کمی پورا کرسکتی ہے، اس کمی کو پورا کرنے کے لئے پاک فوج اور فرنٹئیر کور کی مدد درکار ہوگی۔

Read Comments