Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 فروری 2023 12:11pm

وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کے باعث اے پی سی مؤخر کردی گئی

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کے باعث دہشت گردی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جمعرات (9 فروری) کو کو بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی ) مؤخر کردی گئی ہے۔

ملکی امن و امان اور سیاسی صورتحال کے پیش نظر بلائی جانے والی اے پی سی کا دوسری مرتبہ شیڈول تبدیل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ تبدیل

وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کے سبب آل پارٹیز کانفرنس ملتوی کردی گئی ہے، اتحادی جماعتوں کے قائدین کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے، شہباز شریف بدھ کو اعلی سطحی وفد کے ہمراہ انقرہ روانہ ہوں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کل صبح انقرہ روانہ ہوں گے، دورے کے دوران شہبازشریف صدر اردوان سے زلزلے کی تباہی، جانی نقصان پر افسوس تعزیت اور ترکیہ کے عوام سے یکجہتی کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے جمعرات 9 فروری کو بلائی گئی اے پی سی مؤخر کی جا رہی ہے تاہم اتحادیوں کی مشاورت سے نئی تاریخ کا اعلان ہوگا۔

خیال رہے کہ ترکیہ میں زلزلے کی تباہی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ترکیہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم اور وزیرخارجہ کے دورے کا مقصد مصیبت کی گھڑی میں اظہار ہمدردی کرنا ہے، اس دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر طیب اردوان سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے 7 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) طلب کی تھی۔

جس کے بعد گزشتہ روز وزیراعظم کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس کی تاریخ تبدیل کردی گئی تھی۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا تھا کہ کہ اے پی سی اب 7 کے بجائے9 فروری کو اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی۔

Read Comments