پشاور پولیس لائنز مسجد دھماکے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے سیکیورٹی کیلئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
حکومت نے پولیس لائنز میں پین ٹلٹ زوم (پی ٹی زی) کیمرے نصب کرنے کیلئے یونیورسٹی آف انجینئرنگ سے رابطہ کر لیا۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر نیشنل سینٹر آف آرٹیفیشل انٹیلیجنس ڈاکٹر گل محمد نے آج نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ مردان میں تجرباتی طور پر نو کیمرے نصب کرچکے ہیں۔
ڈاکٹر گل محمد کا کہنا ہے کہ پی ٹی زی کیمرے غیرقانونی سرگرمیوں کی نشاندہی کرسکتے ہیں، اسی لئے پولیس لائنز کیلئے بھی پی ٹی زی کیمرے تجویز کئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس لائنز کیلئے پراجیکٹ پر 5 سے 6 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
ڈاکٹرگل محمد نے کہا کہ پی ٹی زی کیمروں سے کوئی غیرمتعلقہ شخص داخل نہیں ہوسکتا، اس سے کسی بھی وردی میں ملبوس شخص کی نشاندہی ہوگی۔
ڈاکٹر گل محمد کے مطابق یہ سسٹم سائبر حملے سے مکمل محفوظ ہے، پولیس لائنزکےتمام گیٹس پرپی ٹی زی کیمرے لگیں گے، سسٹم گاڑی میں سوار شخص کی شناخت بھی کرسکتا ہے۔