پاکستان کے سابق آرمی چیف اور صدر مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال کے بعد بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈا پر بھارتی سیاستدان کے بیان نے ہی پانی پھیر دیا۔
لوک سبھا (بھارتی پارلیمان) کے رکن ششی تھرور نے ناصرف پرویز مشرف کیلئے دعا کی بلکہ انہیں بہترین سوچ کی شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کی پاک بھارت امن کیلئے کاوشوں کو بھی سراہا۔
ششی تھرور کے اس بیان پر بھارتی میڈیا آگ بگولہ ہوگیا اور کانگریس اور ششی تھرور کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ششی تھرور نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ”ایک زمانے میں بھارت کے کٹر دشمن سابق پاکستانی صدر پرویز مشرف 2002 سے 2007 تک امن کے لیے ایک حقیقی طاقت بن گئے تھے۔“
انہوں نے مزید لکھا کہ ”میں ان دنوں میں اقوامِ متحدہ میں ان سے ہر سال ملاقات کرتا تھا اور انہیں ان کی اسٹریٹجک سوچ میں سمارٹ، پرجوش اور صاف گو پایا۔“
ششی تھرور نے ٹوئٹ کے آخر میں پرویز مشرف کیلئے دعا بھی کی۔
لیکن بھارتی میڈیا کو ششی تھرور کا یہ ٹوئٹ ایک آنکھ نہ بھایا اور نفرت کی توپوں کا رُخ ششی تھرور کی جانب کرلیا گیا۔