سندھ اسمبلی میں ایک ہی خاندان کے سیکریٹری سمیت 5 افراد کی تقرری پرعدالت بھی حیران ہوگئی۔
سندھ ہائیکورٹ میں سندھ اسمبلی میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی گریڈ 20 میں تقرریوں کے خلاف سماعت ہوئی۔
سیکریٹری اسمبلی سمیت ایک ہی خاندان پانچ افراد کی تقرری پرحیرانگی کا اظہارکرتے ہوئے جسٹس اقبال کلہوڑو ریمارکس دیئے یہ کیا بات ہوئی پورے خاندان کو سندھ اسمبلی میں بٹھا دیا۔
جسٹس عدنان کریم نے کہا کہ یہاں لوگوں کو آسانی سے نائب قاصد کی نوکری نہیں ملتی ہے۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ کبھی سنا ہے آپ نے کے ایک ہی خاندان کے 5 لوگوں کو ایک ہی جگہ بھرتی کیا گیا ہو؟ جس پروکیل درخواست گزار نے کہا کہ سندھ اسمبلی کے ایڈیشنل سیکرٹری محمد خان رند نے عدالت میں رپورٹ جمع کرادی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے حقائق پر مبنی رپورٹ جمع کرانے پر محمد خان رند کو عہدے سے ہٹادیا، ایڈیشنل سیکرٹری نے رپورٹ میں بھرتیوں کو خلاف ضابطہ قرار دیا تھا۔
وکیل سندھ حکومت نے کہا کہ ایڈیشنل سیکرٹری محمد خان نے اجازت کے بغیر عدالت میں جواب جمع کرایا، جبکہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ہمیں جواب جمع کرانے کے لئے مہلت دی جائے۔
عدالت نے کہا کہ ہم آپ کو آخری موقع دے رہے ہیں، آئندہ سماعت پر جواب جمع کرائیں، جواب جمع نہیں کرایا گیا تو قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔
عدالت نے درخواست کی سماعت 15 فروری تک ملتوی کردی