سابق وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری کا اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد پہلا بیان سامنے آیا ہے۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے رہائی کے بعد فواد چوہدری کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
رہائی کے بعد اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پارٹی میرے ساتھ کھڑی رہی جس پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کا شکرگزار ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر ارکان اسمبلی غدار ہیں تو محب وطن کون ہے، حکومت کی عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں، ان کی توجہ عمران خان کو مائنس کرنے پر ہے اور عمران خان کو مائنس کرکے پاکستان کی سیاست کیا رہ جائے گی۔
سابق وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ اداروں سےکون لڑنا چاہتا ہے، اداروں کے بغیر ملک نہیں چلتے، البتہ شاہد خاقان عباسی اور مصطفیٰ نواز کھوکھر نے گرفتاری کی مذمت جس پر ان دونوں کا مشکور ہوں۔