Aaj Logo

شائع 01 فروری 2023 03:04pm

فیصل واوڈا کی سینیٹ نشست نثار کھوڑو کو مل گئی

سندھ سے ایوان بالا کی جنرل نشست پر پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار نثارکھوڑو بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے۔

سینیٹ کی اس نشست سے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے فیصل واوڈا تاحیات نااہلی سے بچنے کیلئے مستعفی ہوئے تھے۔

فیصل واوڈا نے دسمبر2022 میں دہری شہریت کیس میں سپریم کورٹ کے احکامات پر سینیٹ کی اس نشست سے استعفیٰ دیا تھا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 2018 کے انتخابات میں کاغذات نامزدگی کے ساتھ دہری شہریت پر جھوٹا حلف نامہ جمع کروانے پر فیصل واوڈا کو نااہل قرار دیا تھا۔ جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

پی ٹی آئی میں زلزلہ: فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس جاری، بنیادی رکنیت معطل

سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا کو تاحیات نااہلی کیس میں دو آپشن دیے تھے۔عدالت نے کہا تھا کہ اپنی غلطی تسلیم کریں اور 63 (1) سی کے تحت نااہل ہوجائیں، بصورت دیگر عدالت 62 (1) ایف کے تحت کیس میں پیش رفت کرے گی۔

فیصل واوڈا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے سینیٹرشپ سے استعفیٰ دے دیا تھا جس پر ان کی تاحیات نااہلی ختم ہوگئی تھی۔

Read Comments