عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں اپنے بیان پر قائم ہوں، عمران خان درست کہتا ہے آصف زرداری اسے قتل کروانا چاہتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی جان کو شدید خطرات ہیں، ان کا منصوبہ عمران خان کو نااہل اور مائنس کرنا ہے، 16 وزارتوں میں کچھ نہ ملا توحکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر آگئی۔
انہوں نے کہا کہ میرے وکیل نعیم حیدر نے تھانے میں بیان جمع کرادیا، یہ بیان پولیس لینے سے انکاری ہے۔
شیخ رشید نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ پولیس کی پوری کوشش ہے کہ مجھے ہرحال میں گرفتار کیا جائے پہلے لال حویلی پر قبضہ کیا جو ہماری ذاتی ملکیت ہے، ہائیکورٹ نے قبضے کو ختم کردیا۔
سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کی طرف سے مجھے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، میرے وکیل سردار رازق، نعیم حیدر اور انتظارحسین ہیں، باقی پولیس کی طرف سےمیرےخلاف میڈیا ٹرائل کروایا جارہا ہے۔
دوسری جانب تھانہ آبپارہ کی جانب سے شیخ رشید کو طلب کرنے کے معاملے پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے پولیس کے نوٹس کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
شیخ رشید کے وکیل کی جانب سے درخواست تیار کرلی گئی، وہ بائیو میٹرک تصدیق کے لئے ہائیکورٹ جائیں گے۔
تھانہ آبپارہ پولیس نے شیخ رشید کی طلبی کا نوٹس جاری کر رکھا ہے۔