وزیراعظم شہباز شریف نے میانوالی میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کو شاباش دی ہے۔
وزیراعظم نے غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کو انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
شہباز شریف نے دہشت گردوں کو مار بھگانے والے پنجاب پولیس کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پولیس دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے میں ہمارا قابل فخر ہر اول دستہ ہے، دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم اور ادارے متحد اور ایک آواز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لئے پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کے کردار پر پوری قوم کو فخر ہے، پولیس اور سی ٹی ڈی کو مزید مضبوط اور جدید ہتھیاروں سے لیس کریں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی بہادر فورسز کے ساتھ ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کا جذبہ لائق تحسین ہے، پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید ہتھیاروں، ٹیکنالوجی اور تربیت سے مزید مضبوط بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر 25 سے زائد دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز اور دستی بموں سے حملہ کیا جسے پولیس نے ناکام بنا دیا تھا۔