میانوالی کے تھانہ مکڑوال پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جسے ناکام بنا دیا گیا ہے۔
پولیس نےدہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا جس کے تحت حملہ آور علاقے سے فرار ہوگئے جب کہ ایلیٹ فورس اور ریسکیو کی ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئیں۔
پولیس کے مطابق 25 سے زائد دہشت گردوں نے تھانہ مکڑوال پر راکٹ لانچرز، اور دستی بموں سے حملہ کیا جس کی وجہ سے ریسکیو 1122 اور میانوالی کے اسپتال میں ایمرجنسی ہائی الرٹ کردی گئی۔
حملے کی اطلاع ملتے ہی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان نے سی ٹی ڈی، ایلیٹ فورس اور اسپیشل برانچ کو مکڑوال پولیس کی بھرپور معاونت کرنے کی ہدایت کردی۔
ترجمان میانوالی پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او میانوالی مزید نفری اور ایلیٹ فورس کے ساتھ تھانہ مکڑوال روانہ ہوگئے۔
انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے اسٹیشن ہاؤس آفسیر (ایس ایچ او) مکڑوال سے رابطہ کرکے پولیس ٹیم کو مبارکباد دی اور دہشت گردعناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
اس ضمن میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میانوالی پولیس کوخراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا، حملہ نا کام بنانے والےدلیر جوانوں کو شاباش دیتا ہوں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے یہ جوان قوم کے ہیرو ہیں، قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔