وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے حوالے سے بھرپور اقدامات کیے۔
وزیراعظم سے اقوام متحدہ کے ماحولیات پروگرام کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر انگر ایںڈرسن نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یو این ای پی کی طرف سے کیے گئے کام کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے ماحولیاتی انحطاط کو زیادہ مؤثر طریقے سے حل کی کوششوں کو بڑھانے پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی آج کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں سے ایک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے حوالے سے بھرپور اقدامات کیے، یو این ای پی تباہ کن سیلابوں کے بعد بحالی کی کوششوں میں پاکستان کا ساتھ دے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے یو این ای پی میں پاکستان کے فعال کردار کو سراہا۔