وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ نے نگراں سیٹ اپ میں توسیع کاعندیہ دے دیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نگراں حکومتوں کی مدت میں توسیع کا انحصار حالات پر ہے، آئین میں نگراں حکومتوں کی مدت میں توسیع کی گنجائش موجود ہے، خدانخواستہ اگر امن و امان کی صورتحال یا معاشی صورتحال ایسی بنے تو آئین میں ایسا انتظام موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات اور 2 صوبوں میں عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن آئین کے اندر رہتے ہوئے تمام ممکنہ معاملات دیکھے گا، تمام فیصلے الیکشن کمیشن نے کرنے ہیں، نئی مردم شماری کا اعلان ہوچکا ہے، نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی تقرری آئین کے تحت ہوئی۔
فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق وفاقی وزیرقانون نے کہا کہ فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پرہوا، عدالتیں آزاد ہیں وہ اس معاملہ پرفیصلہ کریں گی۔