وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان دوراہے پر ہے، ایک ایک پائی بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔
گرین لائن ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ٹرین کی بوگیاں فراہم کرنے پر چینی کمپنی کا مشکور ہوں، سعد رفیق اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، نواز شریف کے دور میں منصوبے کا اجرا کیا گیا تھا، گرین لائن ٹرین میں جدید سہولیات موجود ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا بھرمیں حکومتیں اداروں کو آؤٹ سورس کرتی ہیں، ہماری حکومت ملکی بہتری کے لئے دن رات کوشاں ہے، یقین ہے کہ سعد رفیق کی قیادت میں ریلوے ترقی کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں چینی کمپنیوں پر الزامات لگائے گئے، بے بنیاد الزامات سے چینی کمپنیوں کو بہت افسوس ہوا، چینی لوگ پاکستانیوں سے بہت محبت کرتے ہیں، 4 سال میں جو کچھ ہوا اس کی بحالی میں وقت لگے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے آئی ایم ایف سے معاہدہ رواں ہفتے ہوجائے گا، پاکستان اس نہج پر ہے کہ ایک ایک پائی بچانے کی ضرورت ہے، مشکلات سے جلد نکل جائیں گے، ملکی بہتری کے لئے دن رات کوشاں ہے۔