پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت مجھے کبھی گرفتاری نہیں کر سکتی۔
پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی، عمران خان نے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو ہدایت جاری کر دی۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سینئر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اپنے کیسز عدالتوں میں چل رہے ہیں، امپورٹڈ حکومت مجھے کبھی گرفتاری نہیں کر سکتی، 22 کروڑ عوام تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، فواد چوہدری تحریک انصاف کے ہر اول دستے کے کارکن ہیں۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کرلیا۔
تحریک انصاف کے کارکن مختلف شفٹ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کریں گے۔
پہلے مرحلے میں لاہور کے مختلف ٹاؤن کے ورکرز زمان پارک کے باہر ڈیوٹی دیں گے،ایک دن میں ایک ٹاؤن کے ورکرز صبح شام دو شفٹ میں زمان پارک کے باہر پہنچیں گے ۔
دوسرے مرحلے میں دیگر اضلاع کے کارکن بھی زمان پارک میں ڈیوٹی سر انجام دیں گے،سینئر قیادت نے اس حوالے سے تمام ٹاؤنز اور ضلعی صدور کو ہدایت جاری کر دیں۔
دوسری جانب عمران خان نے پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کا اجلاس آج زمان پارک میں طلب کرلیا ، اجلاس میں پارٹی کے سینئر وکلاء بھی شریک ہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سینئر رہنماوں سے موجوہ صورتحال پر مشاورت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی انتقامی کارروائیوں پر پارٹی اپنا آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرے گی جبکہ حکومت کی جانب سے الیکشن میں تاخیر سے متعلق بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
اجلاس میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کی ممکنہ گرفتاریوں کے ردعمل کی حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔
عمران خان نے پارٹی رہنماوں کو آج کے اجلاس کے لئے ٹھوس تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دے دی۔
ادھر سابق وزیراعظم عمران خان نے فواد چودھری کی اہلیہ کو بھی فون کرکے یکجہتی کا اظہار کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں آج شام 4بجے میڈیا سے گفتگو کروں گا، فواد چوہدری کی گرفتاری کے بعد کوئی شک نہیں رہا کہ پاکستان ایک بنانا ری پبلک بن چکا ہے،ایساملک جہاں قانون کی حکمرانی نہیں ،ہمیں اپنے بنیادی حقوق کے لئے کھڑاہوناہوگا۔
عمران خان نے اپنےٹویٹ میں مزید کہا کہ پاکستان اس جانب جارہاہے جہاں سے واپسی ممکن نہیں،ہمیں پاکستان کو بچانا ہے۔