خیبرپختونخوا میں چار ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کا مختلف شخصیات کی سکیورٹی پر تعینات ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کی جانب سے صوبے کو درپیش مالی مسائل اور امن و امان سے متعلق اجلاس طلب کیا گیا تھا جس دوران دی جانے والی بریفنگ میں حقائق سامنے آئے۔
اجلاس میں سابق عوامی نمائندوں، سابق بیوروکریٹس اور دیگر شخصیات کی سکیورٹی کے لئے پولیس گارڈز کی تعیناتی کے موجودہ نظام پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں تجویر سامنے آئی کہ غیرضروری طور پر تعینات اضافی پولیس اہلکاروں کو واپس بلایا جائے، جبکہ بریفنگ کے مطابق اس وقت چار ہزار سے زائد پولیس اہلکار مختلف شخصیات کی سکیورٹی پر تعینات ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ اعظم خان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کی موجودہ صورتحال میں ہم افراد کو غیرضروری پولیس گارڈز فراہم کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے، جن افراد کو واقعتا سکیورٹی کی ضرورت ہو، انہیں پولیس گارڈز فراہم کئے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلے چند دنوں میں وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کرکے صوبے کی معاشی صورتحال پر بھی بات کریں گے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے ہر ممکن تعاون حاصل کرنے کی کوشش بھی کی جائے گی۔