Aaj Logo

شائع 24 جنوری 2023 03:46pm

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن تیار، اپریل کی تاریخوں پر غور

Welcome

الیکشن کمیشن نے گورنرپنجاب اورخیبرپختونخوا سے رابطہ کرکے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخیں تجویزکردیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات کیلئے9 اپریل سے 12 اپریل تک موزوں تاریخیں ہیں اور الیکشن کمیشن ان تاریخوں میں دونوں صوبوں میں انتخابات کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب اورخیبرپختونخوا میں انتخابات کی حتمی تاریخ کا فیصلہ گورنر کریں گے اور حتمی تاریخ کے تعین کے بعدالیکشن کمیشن انتخابات کاشیڈول جاری کرے گا۔

اس سے قبل آج الیکشن کمیشن میں ہونے والے اہم اجلاس میں حکام نے بتایاکہ پولنگ اسٹیشنزاورووٹرزلسٹیں تیارکرلی ہیں ، اجلاس میں چیف الیکشن کمشنرکی جانب سے انتخابی تیاریاں تیزکرنے کی ہدایت کی گئی۔

چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں ممبران ، صوبائی الیکشن کمشنرز اورتمام ونگزکے حکام شریک ہوئے،

اجلاس میں پنجاب ، کے پی کے اورضمنی انتخابات سے متعلق تیاریوں پرغورکرتے ہوئے کہا گیا کہ پریزائڈنگ افسران اور دیگرپولنگ عملے کی تقرری کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلیوں کے عام انتخابات کے لئے 15 ارب روپے سے زائد کا تخمینہ لگایا ہے ، قومی اسمبلی کی 64 نشستوں میں ضمنی انتخابات پر5 ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے۔

وفاق کی جانب سے الیکشن کمیشن انتخابات کی مد 5 ارب روپے کی رقم مل چکی ہے، مزید فنڈ کے لئے الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب کی 297 اورخیبر پختونخوا کی 115جنرل نشستوں پرانتخابات کرانے ہیں ،اس کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی کی 64 جنرل نشستوں پربھی انتخابات کرانے ہیں ۔

Read Comments