یوکرین کے قومی مزاحمتی مرکز کی ایک رپورٹ کے مطابق روس اپنی پیدل افواج کے کوٹے کو پورا کرنے کی کوشش میں منشیات کے عادی افراد کو جنگ میں بھیج رہا ہے۔
یوکرینی مرکز کی رپورٹ کے مطابق ”مزاحمتی تحریک کے سامنے ہتھیار ڈالنے والے روسی فوجیوں میں سے ایک نے ہی منشیات کے عادی افراد کے بڑے پیمانے پر متحرک ہونے کے بارے میں معلومات کی تصدیق کی ہے۔“
مذکورہ فوجی کے مطابق ”وہ خود نشے کا عادی ہے اور زیپوریزیہ میں لڑتے ہوئے بھی منشیات کا استعمال کرتا رہا تھا۔ اس شخص نے منشیات کو بطور دوا لیا تھا۔“
اسی طرح کی رپورٹ یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے بھی دی تھی۔
جنرل اسٹاف نے کہا تھا کہ ”پہلے سے بھرتی کیے گئے اہلکاروں میں، منشیات اور شراب کے عادی افراد کی ایک بڑی تعداد ہے۔“
یوکرینی ملٹری انٹیلی جنس نے اطلاع دی ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن روسی افواج کی دوسری لہر کا حکم دینے کے لیے تیار ہیں، جس میں منشیات کے عادی افراد کے علاوہ مجرموں اور شہریوں کی زبردستی بھرتی بھی شامل ہے۔
ستمبر 2022 تک، روسی مسلح افواج تقریباً 1.35 ملین اہلکاروں پر مشتمل تھی۔
یوکرینی انٹیلی جنس حکام نے پیش گوئی کی ہے کہ روس ”آنے والے دنوں میں“ مزید 5 لاکھ فوجیوں کو متحرک کرنے کے منصوبے کا اعلان کر سکتا ہے۔
انٹیلی جنس حکام نے انکشاف کیا کہ ”موبائلائزیشن کو منظم کرنے والے روسی فیڈریشن کے قوانین میں قانون سازی کی سطح پر ترمیم کی جا رہی ہے۔ تربیتی مراکز کی فعال تیاری بھی جاری ہے۔“
لوگوں کو فوج میں شامل کرنے کے لیے کریملن نے دیرینہ قانون سازی میں نرمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ فوجی قیادت کو ان مجرموں کی تلاش ہے جو فہرست میں شامل ہونے کے خواہش مند ہیں۔
دوسری جانب مجرموں کو فوج میں شامل ہونے پر ان کا مجرمانہ ریکارڈ ختم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے
روسی حکام نے 3 ماہ کی سروس کے بدلے معمولی مجرموں کے ریکارڈ کو ختم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار تھنک ٹینک کے مطابق، ”برطانیہ کی وزارت دفاع (یو کے ایم او ڈی) نے 13 جنوری کو اطلاع دی تھی کہ روسی حکام جنگ کے وقت پیداواری مطالبات اور فوجیوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے سزا یافتہ افراد کو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔“
یوکرینی سنٹر آف نیشنل ریزسٹنس نے رپورٹ کیا کہ ”ایک شخص عدالت میں پیش کرنے کی دھمکی کی وجہ سے روسی فیڈریشن کی صفوں میں متحرک ہوا۔“
”اسے بغیر دستاویزات کے بغیر کار چلانے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ مقدمہ نہ بھگتنے کے بدلے اس شخص کو یوکرین جانے کی پیشکش کی گئی۔“
فوج میں بھرتی کرنے والوں نے اندراج کے بدلے تارکین وطن کو روسی شہریت کی پیشکش بھی شروع کر دی ہے۔