بھارتی حکومت کے 1970 کی دہائی میں پاکستانی جوہری پروگرام کو بے نقاب کرنے کے خواب کو اب بالی ووڈ کے زریعے سچ دکھانے کی کوشش میں بنائی گئی فلم ”مشن مجنوں“ دنیا بھر میں بھارت کی جگ ہنسائی کا باعث بن رہی ہے۔
پاکستانی نیوکلئیر پلانٹ کا مسجد نما گنبد ہو یا سر پر ٹوپی لگائے، کندھوں پر صافہ ڈالے اورآنکھوں میں سرمہ سجائے بالی ووڈ کے روایتی مسلمان، مشن مجنوں ہر لحاظ سے بدترین ثابت ہو رہی ہے۔
اب نیٹ فلکس کی اس فلم میں دکھائی گئی ایک فاش غلطی نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے اور سوال اٹھایا جارہا ہے کہ ”کیا بالی ووڈ میں کوئی اردو نہیں جانتا؟“
مشن مجنوں کے کئی مضحکہ خیز مناظر میں سے ایک کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں فاش غلطی موجود ہے۔
ٹوئٹر پر وائرل اس تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد کے دروازے پر چپل باہر اتارنے کی ہدایت انگریزی میں ”keep your shoes here“ درج ہے جبکہ اس کا اردو ترجمہ اردو رسم الخط میں انگریزی میں ہی لکھ دیا گیا ہے کہ ”کیپ یور شوز حری“۔
معروف امریکی مزاح نگار جیرمی میک لیلن نے اس ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ”نیٹ فلکس اردو 101: اب پاکستانی لہجے میں انگریزی بولیں۔“
انہوں نے مزید لکھا کہ ”مجھے لگتا ہے کسی زیرتربیت نے گوگل ٹرانسلیٹ کا استعمال کیا ہے، لیکن کیا ہندوستان میں کوئی اردو بولنے والا نہیں ہے جس نے اس بدترین فلم پر کام کیا ہو؟“