Aaj Logo

شائع 21 جنوری 2023 08:10pm

الیکشن کمیشن کا کل نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کی منظوری دینے کا امکان

الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کا نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کی منظوری دینے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں نگراں وزیراعلیٰ کے لئے حکومت اور اپوزیشن کے دو، دو نامزد امیدواروں کے پروفائلز تیار کیئے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں امیدواروں کی تفصیلات، سروس کیریئر تفصیلات تیار کرلی گئیں، سیکرٹری الیکشن کمیشن کل چیف الیکشن کمشنر کو چاروں پروفائل پیش کرکے بریفنگ دیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم اجلاس کل شام ساڑھے 6 بجے ہوگا جس میں نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کی منظوری دی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لئے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے کسی ایک نام پر اتفاق نہ ہونے کے بعد معاملہ الیکشن کمیشن منتقل ہوگیا تھا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے گزشتہ روزایک بیان میں کہا تھا کہ ہم چیف الیکشن کمشنر کا مقرر کردہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب چلنے نہیں دیں گے اور تقرری کے خلاف عدالت جائیں گے۔

Read Comments