ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے، محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج سے شدید سردی کی پیش گوئی کردی۔
شہر قائد میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں جس کی وجہ سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، صبح کے اوقات میں شہر کا درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن بھر ٹھنڈی ہوا چلتی رہے گی، دن میں درجہ حرارت 20 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔
مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے تاہم کچھ علاقوں میں ہلکی بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے، مغرب سے بارش برسانے والا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا جہاں پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا جبکہ آئندہ 2روز کے دوران شمالی بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
زیارت میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، سیاح حسین موسم سے لطف اندوز ہونے لگے جبکہ قلعہ سیف اللہ میں بھی برفباری کے باعث متعدد سڑکیں بند ہوگئیں۔
لاڑکانہ اور کندھ کوٹ میں ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔