Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 جنوری 2023 04:22pm

پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی منظوری، قومی اسمبلی میں دلچسپ صورتحال

اسپیکر کی جانب سے گزشتہ روزپاکستان تحریک انصاف کے 35 ارکان کے استعفے منظورکیے جانے کے بعد قومی اسمبلی کے ایوان میں دلچسپ تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے۔

پی ٹی آئی کے 35 اراکین کو ڈی نوٹیفائی کیے جانے کے بعد ایوان کا ایک تہائی سے زائد حصہ خالی ہے، اس وقت ایوان 296 اراکین پر مشتمل ہے جن میں سے 81 ارکان کے استعفے پراسیس میں ہیں۔

میانوالی کی سیٹ سے عمران خان نااہل قرارپا چکے ہیں تو شکور شاد اور محمد میاں سومرو کی نشستیں بھی خالی ہیں جہاں عدالتی حکم امتناع کی وجہ سے الیکشن نہیں ہوا۔

پاکستان تحریک انصاف کے 3 منتخب اراکین نے حلف ہی نہیں اٹھایا۔ پی ٹی آئی کے منحرفین کی تعداد 20 ہے جبکہ4ارکان نے استعفیٰ دیا اور نہ ایوان میں آئے۔

قومی اسمبلی کے 342 کے ایوان میں عملی طورپر212 اراکین موجود ہیں۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے 35اراکین کو ڈی نوٹیفائی کیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کے 81ممبران کے استعفوں پرتاحال پیشرفت نہیں ہوسکی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اسوقت قومی اسمبلی میں 46 نشستیں خالی ہیں۔

عمران خان کے 7حلقوں میں کامیابی کے نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوئے جبکہ میانوالی کی نشست سے انہیں نااہل قراردیا جاچکا ہے۔ایوان میں حکومتی اراکین کی تعداد 181 ہے۔

Read Comments