محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھرمیں سردی کا راج برقرار ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور کشمیر میں کہرُ پڑنے کی توقع ہے جبکہ بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان موسم شدید سرد رہے گا، اس دوران مری گلیات اور گردونواح شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہے گی جبکہ میدانی علاقوں میں سرد اورتیزہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
کراچی میں آج سے سردی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، آج رات بھی درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں رہنے کی پیشگوئی ہے۔
گزشتہ رات کراچی میں کم از کم درجہ حرارت 6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ نواحی علاقوں میں ٹھنڈ کی شدت کہیں زیادہ رہی۔
اس کے علاوہ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری جبکہ اسلام آباد میں صفر ڈگری رہا۔
ملک میں سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی 10، اسکردو میں منفی 9، مالم جبہ میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
صوبائی دارلحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی اور شمالی علاقوں زیارت، پشین، خانوزئی، قلعہ عبداللہ اور مستونگ میں سردی کی شدت میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ بلوچستان کا بالائی و سیاحتی مقام زیارت صوبے میں سب سے سرد ترین علاقہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ کوئٹہ اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2، پیشن میں منفی 3، سبی میں 3، گوادر میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سردی کی شدت میں اضافہ جاری رہے گا۔