پاکستان تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن پر دھاندلی میں براہ راست ملوث ہونے کا الزام عائد کردیا۔
پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا کہ پولیٹیکل انجینئرنگ کےذریعے پیپلزپارٹی کو جتوانے کی کوشش کی جارہی ہے، پیپلزپارٹی بی بی شہید کےساتھ دفن ہوچکی ہے اور موجودہ پارٹی زرداری مافیا ہے۔
بلدیاتی انتخابات کے نتائج پرشدید تحفظات کا اظہارکرنے والے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کچھ جماعتیں الیکشن سے بھاگتی رہیں۔ ہم الیکشن کےانعقاد کیلئےڈٹ کرکھڑے رہے لیکن کل جوہوا اسے الیکشن کہنے والے سےبڑا احمق نہیں دیکھا۔
علی زیدی نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانےمیں ناکام ہوگیا، وہ دھاندلی میں براہ راست ملوث ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دھاندلی کےباوجودپی ٹی آئی نے70 سے زائد نشستوں پرکامیابی حاصل کی، ہمارے پاس پولیٹیکل انجینئرنگ کےذریعےدھاندلی کے ثبوت موجود ہیں جنہیں عدالت لےکرجائیں گے۔ ڈی کمشنرز اور ریٹرننگ آفیسرز جوکررہےہیں ہمیں سب علم ہے۔ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمشنرجانبدار ہے۔ ملک میں بدمعاشوں کاٹولہ حکومت کررہاہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہمارےایم پی ایزکے پیچھے پولیس کولگا دیا گیا، ان کے خلاف ایف آئی آرز کاٹی گئیں۔ فارم 11پرجعلی دستخط کےثبوت موجودہیں، یہ مینڈیٹ چوری کرنےوالےملک کونقصان پہنچاتے ہیں۔
تحریک انصاف کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کےنتائج کومسترد کرنے کا اعلان کرنے والے علی زیدی نے مزید کہا کہ کراچی میں کوئی بھی انتخابات اورنتائج کوتسلیم نہیں کررہا، نتائج کیلئے امیدوار اور کارکنان آراوز کے آفس بیٹھے ہیں ۔