وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا ہے کہ پولیو ورکرز نے مشکل حالات میں کام جاری رکھا، چند ماہ میں پولیو کے 20 کیسز سامنے آئے، صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے ملک گیر انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کردیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ ملک کو پولیو سے پاک کردیں گے، سیلاب کی وجہ سے انسداد پولیو مہم متاثر ہوئی،پولیو ورکرز نے مشکل حالات میں کام جاری رکھا، تاریخ ورکرز کو سنہرے حروف سے یاد رکھے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ چند سال پہلے پاکستان میں پولیو کا خاتمہ ہوگیا تھا، چند ماہ میں پولیو کے 20کیسز سامنے آئے، یہ کیسز وزیرستان میں رپورٹ ہوئے، یہ وبا پھیلی نہیں، اسے وہیں تک محدود کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ اپنے فرض کی ادائیگی کررہے ہیں، اللہ کرے کہ ان کی کاوشوں کی وجہ سے پولیو کی وبا ملک سے چلی جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، افواج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے کاوشیں کیں، بچوں نے بڑے شوق سے پولیو کے ڈراپس لئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کو پولیو وائرس سے نجات دلانے کے مشن کے تحت رواں سال کی پہلی ملک گیر پولیو مہم کا آغاز کل سے ہورہا ہے جو 20جنوری تک پنجاب ، سندھ، آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جاری رہے گی۔
اس دوران ملک بھر میں لاکھوں بچوں کو گھر گھر جاکر پولیو ویکسین اور قطرے پلائے جائیں گے۔
محکمہ صحت کی جانب سے تشکیل دی گئی ہیں، ٹیمیں گھر گھر جا کر 5 سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔
والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے پولیو سے بچاؤ کی ویکسین اور قطرے لازمی پلوائیں کیونکہ فیصلہ آج کرنا ہے، اگر کل بچے کو چلنا ہے۔