معروف اداکارہ صنم سعید نے کہا ہے کہ بالی ووڈ فلموں میں ہمیشہ مسلمانوں اور پاکستانیوں کو بھارت کے دشمن کے طور پر منفی کرداروں میں دکھایا جاتا ہے جو کہ انتہائی غلط بات ہے۔
صنم سعید نے بھارتی ویب سائٹ ’بروت‘ کو دیے گئے مختصر انٹرویو میں بولی وڈ فلموں کے مواد اور دونوں ممالک میں فنکاروں پر پابندی کے حوالے سے بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے شاید ہی کوئی ایسی بولی وڈ فلم دیکھی ہو جس میں مسلمانوں اور پاکستانیوں کو مثبت کردار یا بھارت کے دوست کے کردار میں دکھایا گیا ہو۔
صنم سعید کا کہنا تھاکہ بالی ووڈ فلم سازوں کے لیے آنکھوں میں کاجل لگانے، نماز کی ٹوپی پہننے اور نماز کی جگہ ہرے کپڑے لٹکانے والے ہی مسلمان ہوتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر اظہار افسوس کیا کہ بھارتی فلموں میں مسلمانوں اور پاکستانیوں کو بھارت کے دشمن کے روپ میں منفی کرداروں میں دکھایا جاتا ہے۔