پشاور: ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر محمد سیف کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد ہم کے پی اسمبلی توڑیں گے۔
ایک بیان میں بیرسٹر سیف نےکہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری ابھی گورنر کو ارسال نہیں کی گئی، وزیراعلیٰ محمود خان دو دن بعد سمری گورنر کو بھیجیں گے۔
ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کی توڑنے کا اعلامیہ جاری ہونے کا انتظار ہے، پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد ہم بھی اسمبلی توڑ دیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس پر دستخط کرکے سمری گورنر بلیغ الرحمان کو ارسال کردی جب کہ گورنر ہاؤس کا کہنا ہے کہ انہیں ابھی تک سمری موصول نہیں ہوئی ہے۔