ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
پشاور میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش جاری ہے جبکہ دیربالا کے میدانی علاقوں میں پھر سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
لواری ٹاپ، لواری ٹنل، کمراٹ اور عشیری درہ میں برفباری سے ہرطرف سفیدی چھاگئی، سڑکیں اور گاڑیاں برف سے ڈھک گئیں۔
دوسری جانب پنجاب میں آج بھی دھند کے باعث موٹرویز مختلف مقامات سے بند کردیے گئے۔
شدید دھند کے باعث حدنگاہ انتہائی کم ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث ایم 2 لاہور، اسلام آباد موٹروےٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک اور پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد موٹروے ایم 3 درخانہ سے فیض پور تک ٹریفک کےلئے بند کر دی گئی۔
موٹر وے پولیس کے مطابق فیصل آباد ملتان موٹروے ایم 4 عبدالحکیم سے پنڈی بھٹیاں اور سکھرملتان موٹروے ایم 5 شیر شاہ سے اوچ شریف جبکہ سیالکوٹ، لاہور موٹروے ایم 11 کالا شاہ کاکو سے سمبڑیال تک ٹریفک کےلئے بند کی گئی ہیں۔
دوسری جانب ٹریفک پولیس کے مطابق قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔