مہنگائی کے ستائے عوام کے لئے بُری خبر ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے دونوں گیس کمپنیوں سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے لئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ۔
سوئی ناردرن کے لئے گیس 74.42 فیصد جبکہ سوئی سدرن کے لئے گیس 67.75 فیصد مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے حتمی منظوری کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق ہوگا۔
اوگرا کی جانب سےسوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیوں کی جانب سے مالی سال 23-2022کے لئے قیمتوں میں اضافے کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کردیا گیا۔
فیصلے کے مطابق سوئی ناردرن کے لئے گیس پر 406 روپے 28 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔
سوئی سدرن کے لئے گیس پر 469 روپے 28 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافےکی منظوری دی گئی ہے، سوئی ناردرن کے لئے گیس کی اوسط قیمت 545 روپے 89 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔
سوئی ناردرن کے لئے گیس کی نئی قیمت 952 روپے 17 پیسےفی ایم ایم بی ٹی یو کرنےکی منظوری دی گئی ہے۔
اوگرا کے مطابق سوئی سدرن کے لئے گیس کی موجودہ قیمت 692 روپے 63 پیسے ہے، سوئی سدرن کے لئے نئی قیمت 1161 روپے 91 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
اوگرا کے فیصلے پر وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اطلاق جولائی 2022 سے ہوگا۔
وفاقی حکومت نے 40 روز میں منظوری نہ دی تو اوگرا فیصلے پر ازخود عمل درآمد ہوجائے گا۔