پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے کراچی میں حیات ریجنسی ہوٹل کی عمارت اور اراضی واگزار کرانے اور لیز معاہدہ فوری منسوخ کرنے کی سفارش کردی۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کی تمام اہم عمارات کی سیکیورٹی سخت کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔
چیئرمین نور عالم خان کی زیرِ صدارت پی اے سی کے اجلاس میں پاکستان ریلویز کی آڈٹ رپورٹ 2019-20 کا جائزہ لیا گیا۔
پی اے سی نے پشاور سرکل میں کاروباری افراد سے حصہ مانگنے کی شکایات پر متعلقہ افسر کے خلاف انکوائری کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ”اے کے ڈی سیکیورٹیز“ نے 2004 میں کراچی میں ریلوے کی ملکیت 10 ہزار 207 مربع گز زمین 99 سالہ لیز پر لی، زمین کی سالانہ لیز 5 لاکھ 60 ہزار روپے مقرر کی گئی، صرف پہلے سال ادائیگی کی گئی اور 18 سال سے کوئی رقم ادا نہیں کی گئی۔
پی اے سی نے لیز فوری طور پر منسوخ کرنے اور قبضہ واگزار کرانے کی ہدایت کردی۔
پی اے سی نے اے کے ڈی سیکیورٹیز کو بلیک لسٹ کرنے کی سفارش کر دی۔
اجلاس میں کمیٹی نے آٹے کی دستیابی کے حوالے سے دفاعی و صوبائی حکام کو بھی طلب کرلیا۔
اس کے علاوہ چیئرمین پی اے سی نے آئی جی اسلام آباد کو ریڈ زون کی عمارتوں میں مستقل آنے والوں کا ڈیٹا مرتب کرنے اور گداگروں کے خلاف آپریشن کرنے ہدایت کی ہے۔
نور عالم خان نے ہدایت کی کہ وی آئی پی موومنٹ کیلئے ٹریفک سگنلز بند نہ کئے جائیں۔
پی اے سی نے ریلوے حکام کو بھی ہدایت کی کہ منتخب اراکین کا احترام کریں۔