Aaj Logo

شائع 09 جنوری 2023 10:03pm

ایف بی آر کی جانب سے ڈیٹا لیک پر وضاحتی بیان جاری

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر محمد اسحاق کی طرف سے لگائے گئے مبینہ ڈیٹا لیکس کے الزامات کی تردید کی ہے۔

سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر محمد اسحاق نے 5 جنوری کو خیبرپختونخوا کے صنعت کاروں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”میں نے سی سی پی او کو بتایا کہ پچھلے سال بھی ایف بی آر کا ڈیٹا لیک ہوا تھا اور اس سال بھی ڈیٹا لیک ہوا، اب جو کالیں آتی ہیں ان میں بتایا جاتا ہے کہ آپ کا اس بینک میں اکاؤنٹ ہے، آپ کے بیوی بچوں کا فلاں بینک میں اکاؤنٹ ہے، فلاں جگہ پر آپ کا پلاٹ ہے، یہ آپ کی گاڑی ہے، آپ کے بینک اکاؤنٹ میں اس وقت اتنا پیسہ موجود ہے اور آپ کے گھر میں اسلحہ یہ ہے۔“

محمد اسحاق کا کہنا تھا کہ اتنی تفصیلات یا تو نادرا کے پاس ہیں یا ایف بی آر کے پاس، کیونکہ ہماری جو ٹیکس ریٹرن ہیں اس میں سارا کچھ ہمیں بتانا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی نمبروں سے تاجروں کو بھتہ کی کالیں آنا شروع ہوگئی ہیں۔

آج نیوز کو موصول ایف بی آر کے وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ ٹیکس دہندگان کی تفصیلات کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے سیکیورٹی کے کئی درجات کے تحت مناسب طور پر محفوظ بنایا جاتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایف بی آر کے سسٹم میں سائبر سیکیوریٹی ڈیفنس کی متعدد پرتیں موجود ہیں جو نہ صرف ایف بی آر نیٹ ورک پر ہیکنگ کی کوششوں کو روکتی ہیں، بلکہ آئی ٹی ٹیموں کو الرٹ بھی کرتی ہیں، اور اگر بیرونی سائبر کرمنلز کے ذریعہ اس کے آئی ٹی سسٹمز میں غیر مجاز مداخلت کی کوشش کی جاتی ہے تو ہمہ وقت اس کے تدارک کی کارروائیاں کی جاتی ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق ان میں سے کچھ ڈیفنس مرکزی طور پر مانیٹر کیے جانے والے اینڈ پوائنٹ کا پتہ لگانے والے اور کنٹرول ایجنٹس (EDR) ، اینٹی وائرس سلوشن ایجنٹس، ویب ایپلی کیشن فائر والز، نیٹ ورک فائر والز، اور حملے سے بچاؤ کے نظام ہیں۔

جبکہ سیکیورٹی انفارمیشن اینڈ ایونٹ مینجمنٹ سلیوشنز (SIEM) ، آئی ٹی کے لیے ملٹی فیکٹر ویری فکشین بھی سسٹم کے ڈیفنس کا حصہ ہیں۔

”ایڈمنسٹریٹرز، ای میل گیٹ وے سیکیورٹی، ویب براؤزنگ گیٹ وے سیکیورٹی، ہوسٹ ولنرایبلٹی اسکیننگ ایجنٹس، وقتاً فوقتاً آئی ٹی سسٹم پینیٹریشن ٹیسٹنگ اور ایپلیکیشن سورس کوڈ ٹیسٹنگ بھی اسی ڈیفنس سسٹم میں شامل ہیں“۔

تمام حفاظتی اور خامیوں کا پتہ لگانے والے سائبر سیکیوریٹی کنٹرولز کی مسلسل نگرانی سال کے 365، ہفتے کے ساتوں دن اور چوبیس گھنٹے ایک مرکزی ایف بی آر سیکیورٹی آپریشنز کینٹر (SOC) ماحول میں کی جاتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایف بی آر نے ان الزامات کی مجرد انکوائری بھی کی ہے اور صدر سرحد چیمبر آف کامرس محمد اسحاق اور مقامی تاجروں و صنعت کاروں سے رابطہ کیا ہے۔ جس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بیان کردہ معلومات (فیملی ٹری، اسکولوں کا نام، بینک اکاؤنٹ میں موجودہ بیلنس، اسلحہ اور گولہ بارود کی تفصیلات، موجودہ سال کی سیل یا جائیداد کی منتقلی) ٹیکس ڈیکلریشنز میں دستیاب نہیں ہیں۔

Read Comments