کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ایم کیوایم پاکستان نے مسترد کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ایم کیو ایم کی درخواست مسترد کرکے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ 15 جنوری مقررکردی ہے۔
ترجمان ایم کیوایم کے مطابق الیکشن کمیشن نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے، جعلی حلقہ بندیوں سے شہری سندھ کی ایک چوتھائی آبادی حقیقی نمائندگی سے محروم رہ گئی ہے الیکشن کمیشن نے سندھ میں یہ ذمہ داری پوری نہیں کی اور قانونی تقاضوں کوپس پشت ڈال دیا۔
ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے شفاف، غیرجانبدارانہ انتخاب کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، فیصلے کے خلاف عدالت سمیت تمام دروازے کھٹکھٹائیں گے اور عدالتوں سے انصاف نہ ملا توعوامی عدالتیں فیصلہ کریں گی۔
ترجمان ایم کیوایم نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کی نمائندگی چھیننےکی سازش کی گئی جعلی حلقہ بندیوں ووٹرلسٹوں سے دھاندلی ہوچکی ہے اور دھاندلی کوکسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا سوالیہ نشان الیکشن کمیشن کی شفافیت پرلگا رہے گا۔