برازیل کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا نام سعودی کلب ’النصر‘ میں شمولیت کے بعد سےسوشل میڈیا پر وائرل ہے مگر اس باروجہ کچھ مختلف ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرلفظ ’زنا‘ ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہے جس کی بڑی وجہ صارفین کی توجہ اب رونالڈو کے سعودی حکام کے ساتھ عشائیوں اور دیگر سرگرمیوں سے ہٹ کر ان کی ساتھی جارجینا پرمرکوزہونا ہے۔
اس ٹرینڈ کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ 2 بچوں کی پیدائش کے باوجود رونالدو اورجارجینا نے تاحال شادی نہیں کی اور سعودی عرب میں کسی غیر شادی شدہ جوڑے کا اکھٹے رہنا اور جنسی تعلق قائم کرنا قابل تعزیرجرم ہے جس کیلئے قانون میں سخت سزا موجود ہے۔
جہاں جارجینا رونالڈو کے ساتھ سعودی عرب میں موجود ہیں وہیں اس اہم نقطے پرتاحال حکام، فٹبال کلب یا خود رونالڈو کی جانب سے بھی کسی قسم کا ردعمل دیکھنے میں نہیں آیا اور مختلف حلقوں سے ایسے دعوے سامنے آرہے ہیں کہ اس معاملے میں رونالڈو کے ساتھ ’خاص رعایت‘ برتے جانے کاامکان ہے۔
سوشل میڈیا پراس ٹاپ ٹرینڈ کے ساتھ کی جانے والی ٹویٹس میں اکثریت اس حوالے سے برہمی کااظہار کررہی ہے کہ اگر ایسا ہی ہے تو سعودی حکومت رونالڈو کو یہ رعایت کیوں دے رہی ہے۔
مغربی کلچرکو مدنظررکھتے ہوئے مثبت سوچ کااظہارکرنے والے کئی صارفین نے اس ممکنہ رعایت پریہ سوال بھی اٹھایا کہ سعودی عرب میں موجود رونالڈو کیا اب جارجینا کے ساتھ شادی کے جائز بندھن میں بندھیں گے یا نہیں۔
جارجینا کے ساتھ 37 سالہ رونالڈو کا تعلق 2016 سے ہے جب وہ سپانوی فٹبال کلب ریال میڈرڈ کے ساتھ کھیل رہے تھے۔ النصرکلب میں شمولیت کے بعد اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں جارجینا سعودی روایت کااحترام کرتے ہوئے عبایا پہن کرشریک ہوئی تھیں۔
حالیہ فیفا ورلڈ کپ اسٹار فٹبالرکے کیریئرکا آخری ورلڈ کپ تھا۔
سعودی عرب میں غیرشادہ شدہ جوڑے کےایک ساتھ رہنے کے حوالے سے شریعت کا قانون موجود ہے جو اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔ کسی ہوٹل میں رہائش یا مکان کرائے پر لینے کی صورت میں خواہشمندوں سے ان کے جائز تعلق کا دستاویزی ثبوت مانگا جاتا ہے، خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے تاہم اس حوالے سے غیرملکیوں کے ساتھ گذشتہ کئی سال سے تھوڑی نرمی روا رکھی گئی ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت 2019 میں سعودی ویزہ پالیسی میں نرمی کے بعد غیرشادی شدہ غیرملکی جوڑوں کو ہوٹل میں کمرہ لینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور خواتین بھی اکیلے یہ سہولت حاصل کرسکتی ہیں۔