Aaj Logo

شائع 09 جنوری 2023 12:56pm

بلدیاتی الیکشن روکنے کی ایم کیوایم کی درخواست پر حکم امتناع جاری کرنے سے انکار

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں بلدیاتی الیکشن روکنے کے لئے ایم کیوایم کی درخواست پر حکم امتناع جاری کرنے سے انکارکردیا۔

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو نے کراچی میں بلدیاتی الیکشن روکنے کے لئے ایم کیوایم کی درخواست پرسماعت ہوئی۔

دوران سماعت ایم کیوایم کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ جب بلدیاتی الیکشن کا نوٹیفکیشن جاری ہوا اس وقت الیکشن کمیشن کا کورم پورا نہ تھا، الیکشن کمیشن کا بلدیاتی الیکشن پر نوٹیفکیشن ہی غیرقانونی ہے۔

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو نے ایم کیو ایم کی درخواست پر بلدیاتی الیکشن روکنے کے لئے حکم امتناع جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ کل ریگولر بینچ ہو گا وہی سماعت کرے گا۔

بعدازاں عدالت نے ایم کیو ایم کی درخواست 10 جنوری تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان کنور نوید جمیل نے کراچی کے بلدیاتی الیکشن روکنے کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے جبکہ اس معاملے پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے فل بینچ بنانے کی ایم کیو ایم کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

کنور نوید جمیل نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نامکمل ہونے کے باعث اس کے فیصلے قانونی حیثیت نہیں رکھتے، حلقہ بندیوں سے متعلق بھی الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے، جب نوٹیفکیشن جاری ہوا تو اس وقت کمیشن میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے نمائندے نہیں تھے۔

Read Comments