وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے گندم اور آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے فلور ملوں کے لئے گندم کا یومیہ سرکاری کوٹہ بڑھا کر ڈبل کر دیا ۔
وزیر اعلی پنجاب نے صوبے بھر میں سیل پوائنٹس کو بھی دوگنا کر دیا اور کہا کہ پنجاب بھر میں روزانہ 10 کلو آٹے کے 18 لاکھ 40 ہزار تھیلے سرکاری ریٹ پر دستیاب ہوں گے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ فلور ملوں کو ان کے اپنے مطالبے سے زیادہ 26 ہزار ٹن سرکاری گندم کل سے جاری کی جا رہی ہے، سرکاری کوٹہ بڑھنے سے نجی گندم اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت عام آدمی کو سبسڈی دے رہے ہیں تا کہ شہروں اور دیہات تک بھی یہ فائدہ پہنچ سکے ،غریب آدمی کو گندم کی سستے دامو ں فراہمی کے لئے پنجاب احساس پروگرام کے ذریعے ٹارگٹڈسبسڈی دی جارہی ہے پنجاب حکومت احساس پروگرام کے ذریعے مستحق لوگو ں کوپہلے ہی آٹے کی سستے داموں فراہمی یقینی بنا رہی ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ آٹے پر ٹارگٹڈ سبسڈی حاصل کرنے کے لئے شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے احساس پروگرام میں شمولیت کی جا سکتی ہے ،صوبائی و ضلعی سطح پر عوام کو مقررہ قیمت پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔