امیرِ جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ ہیروشیما دوبارہ آباد ہوگیا، جاپان آج معاشی لحاظ سے سپر پاور بن گیا لیکن ہمارے خلاف تین ایٹم بم استعمال ہورہے ہیں، شہباز، زرداری اورعمران پاکستان کیلئے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہیں۔
سراج الحق نے وفاقی وزیرخزانہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈار صاحب نے کہا تھا کہ ڈالر200 پرلاؤں گا لیکن آپ کے کیسز تو ختم ہوگئے لیکن پاکستان کی کرنسی کاغذ کا ٹکڑا بن گئی ہے۔
لاہورمیں سراج الحق نے تقریب سے خطاب میں تمام سیاسدانوں پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ خزانہ ان لوگوں نے لوٹا، توشہ خانہ ان لوگوں نے لوٹا اور کہتے ہیں قوم مزید بوجھ کیلئے تیار ہوجائے، شرم تمہیں نہیں آتی۔
انہوں نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر کہتا ہے مرغی کا گوشت استعمال نہ کرو اس کی خوراک میں کینسر کا مواد ہوتا ہے، دوسرا کہتا ہے کہ ایک چائے کی پیالی لو، ایک روٹی کھاؤ، آپ کے گھوڑے تو سردی میں بھی ہیٹر سے لطف اندوز ہوں، بچے سرکاری گاڑیوں میں عیش کرتے نظر آتے ہیں۔
مزید کہا کہ گاڑی کا شیشہ کھلتا ہے تو کتا باہر دیکھ کر کہتا ہے کہ کیسے بدبخت ہیں کہ ہم گاڑیوں میں عیش کرتے ہیں اور یہ روٹی کیلئے ترستے ہیں۔