Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 جنوری 2023 06:37pm

دائیں یا بائیں، عمران خان کی کونسی ٹانگ زخمی ہے؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کی گولیوں اور لوہے کے ٹکڑے لگنے سے زخمی ٹانگ ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گئی ہے، اور اس بار بحث کا موضوع ”دائیں یا بائیں“ ہے۔

لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے عمران خان کے بارے میں شروع میں مخالفین کی جانب سے کہا جاتا رہا کہ وہ زخمی نہیں۔

لیکن پھر شوکت خانم اسپتال سے ایک ویڈیو بطور ثبوت جاری ہوئی جس میں ان کی ٹانگ پر موجود زخموں کو دکھایا گیا۔

اب ایک بار پھر ایسا ہی معاملہ دوبارہ سامنے آگیا ہے، ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا جارہا ہے کہ زخمی تو عمران خان کی دائیں ٹانگ ہوئی تھی، تو پٹی باہنی ٹانگ پر کیسے آئی۔

اسی طرح کی ایک ویڈیو کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے بھی ٹوئٹ کیا، تاہم انہوں نے بعد میں ویڈیو ڈیلیٹ کردی۔

اس تنقید کے جواب میں پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک وضاحتی ٹیوٹوریل نما ویڈیو جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ کس طرح ایک معمولی سے فیچر کے زریعے کسی بھی ویڈیو کو دائیں سے بائیں یا بائیں سے دائیں فلپ (گھمایا) جاسکتا ہے۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے کئی حامیوں نے ویڈیو ایڈٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے مسلم لیگ نواز کے رہنماؤں پر تنقید بھی کی۔

Read Comments