پیاز کے بنا پاکستانی کھانے ادھورے ہیں، لیکن پیاز غریب اور مڈل کلاس پاکستانیوں کی پہنچ سے دور ہوچکی ہے۔ پہلے پیاز کاٹتے ہوئے آنسو آتے تھے اور اب پیاز خریدتے ہوئے آنسو آتے ہیں۔
ملک میں پیاز کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں، لیکن اس کے بنا کھانا بنانا تقریباً ناممکن سا محسوس ہوتا ہے، لیکن قدرت نے ہر شے کا متبادل پیدا کیا ہے۔
آج ہم آپ کو تین ایسی اشیاء کے بارے میں بتائیں گے جو نہ تو جیب پر بھاری پڑیں گی اور نہ ہی پیاز کی کمی محسوس ہونے دیں گی۔
اگر پیاز آپ کی استطاعت سے باہر ہے تو آپ لہسن استعمال کر سکتے ہیں جو تلے جانے کے بعد پیاز جیسا ذائقہ ہی دیتا ہے۔
اس کے علاوہ اگر لہسن کے چند جوے مٹی میں دبا دئیے جائیں تو اس سے نکلنے والا ہری گھاس نما پودا پیاز کی جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔
سالن کو گاڑھا بنانے کے لئے آلو یا لوکی پیس کر ڈالی جاسکتی ہے جس سے پیاز کی کمی پوری ہوجائے گی، لیکن بگھار کے لئے ہری پیاز یا لہسن استعمال کرنا ہوگا۔
ہری پیاز جسے عموماً پتوں والی پیاز بھی کہتے ہیں، عام پیاز سے نسبتاً سستی ہوتی ہے اور آج کل اس کا موسم بھی ہے۔ ہری صحت کیلئے بھی انتہائی مفید ہے۔
سونف ہم کھانا بنانے اور منہ کا ذائقہ تبدیل کرنے کیلئے تو استعمال کرتے ہی ہیں، لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ سونف کو پیاز کے متبادل کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اس کیلئے آپ کو صرف ایک مٹی سے بھرا گملہ چاہیئے۔
عام سونف کو مٹی میں دبا دیں اور جو ہرا پودا نکلے اسے کاٹ کر پیاز کی طرح استعمال کریں۔