Aaj Logo

شائع 06 جنوری 2023 08:54pm

وزیراعظم کی ایم ڈی آئی ایم ایف سے ٹیلیفونک گفتگو، پروگرام مکمل کرنے کی یقین دہانی

وزیراعظم شہباز شریف اور منیجنگ ڈائریکٹر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کل رات آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر کا فون آیا، انہوں نے پوچھا کہ چین اور سعودی عرب کے ساتھ آپ کے کیسے تعلقات ہیں جس پر میں نے جواب دیا کہ ہمارے دونوں ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، چین کے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمارا دیرینہ دوست ہے، دیگر ممالک سے بھی اپنے تعلقات بہتر کر رہے ہیں۔

اس ضمن میں پی ایم آفس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کرسٹالینا جارجیوا نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہری تشویش اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تشویش پر ایم ڈی آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کیا۔

گفتگو کے دوران شہباز شریف نے کرسٹالینا جارجیوا کو جنیوا میں موسمیاتی لچکدار پاکستان کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

کرسٹالینا جارجیوا نے وزیراعظم شہباز شریف کو بتایا کہ آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس 9 اور 10جنوری کو بلایا گیا ہے، جنیوا کانفرنس میں صرف ورچوئلی شرکت کرسکوں گی، ایم ڈی آئی ایم ایف نے جنیوا کانفرنس میں شرکت کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کرسٹالینا جاجیوا کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

Read Comments