گورنر سندھ کامران ٹسیوری سے ملاقات کے بعد سربراہ مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) آفاق احمد نے متحدہ پاکستان کے احتجاج میں شریک ہونے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ میرا مقصد سب کو جوڑنا اور کراچی کی عوام کو سکون فراہم کرنا ہے، شہر میں بے روز گاری، جرائم سمیت دیگر کئی مسائل ہیں، لہٰذا ان کا مقبالہ کرنے کے لئے ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔
فواد چوہدری سے متعلق سوال پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ فواد کے بیان پر کوئی ردعمل نہیں دوں گا، وفاق نے کہا تھا کہ تین ماہ ان کے بیان پر جواب نہ دیں، تین ماہ تک فواد چوہدری کےستارےگردش میں رہیں گے۔
اس موقع پر آفاق احمد کا کہنا تھا کہ ملک سیاسی عدم استحکام سے متاثر ہوا ہے، مشترکہ مسائل پر ساتھ بیٹھا جا سکتا ہے، اسی لئے مہاجر قومی موومنٹ ایم کیو ایم پاکستان کے احتجاج میں شریک ہوگی جب کہ حلقہ بندیوں کے معاملے پر بھی ایم کیوایم کے ساتھ ہیں۔
آفاق احمد نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم سے مہاجر لفظ سے دستبردار ہونے پر اختلاف ہوا تھا جس کے بعد پارٹی میں ضم ہونے سے معذرت کی تھی، البتہ ہم نے بلا خوف و رکاوٹ جدوجہد جاری رکھی۔