کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے ، کیویز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 189رنز بنالئے جبکہ مہمان ٹیم کو قومی ٹیم کے خلاف 230رنزکی برتری حاصل ہے۔
کراچی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 407 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو سعود شکیل 124 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے جبکہ ابرار احمد نے ابھی اپنا کھاتا کھولنا تھا۔
سعود شکیل نے اش سودی نے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر سنگل لے کر ابرار احمد کو دیا لیکن ابرار پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
اس طرح پاکستانی ٹیم 408 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں پاکستان پر 41 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔
پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے 125رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیلی جبکہ امام الحق 83 اور سرفراز احمد 78 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،اس کے علاوہ آغا سلمان نے 41 ، کپتان بابر اعظم نے 24، شان مسعود نے 20 اور عبداللہ شفیق نے 19 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اش سودھی اور اعجاز پٹیل نے 3،3 اور ڈیرل مچل ، ٹم ساؤتھی اور میٹ ہینری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ پاکستان کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 449 رنز اسکور کیے تھے۔
نیوزی لینڈ نے 41 رنزکی برتری کے ساتھ دوسری اننگزکاآغازکیاتومیرحمزہ نے اپنے پہلے ہی اوور میں ڈیوون کونوے کو صفر پر پویلین بھیج دیا، یہ حمزہ کی ٹیسٹ میچ میں 4سال میں پہلی وکٹ تھی۔
اس کے بعد کیو ی کپتان کین ولیمسن اور ٹام لیتھم نے ذمہ دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے دوسری وکٹ کے لئے 109 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی لیکن 114 کے مجموعی اسکور پر ٹام لیتھم 62 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
ٹام لیتم کے جاتے ہی کین ولیمسن بھی 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد 128 پر مہمان ٹیم کوچوتھا نقصان اٹھانا پڑا، ہینری نکولس صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
اب تک نیوزی لینڈ نے 62 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان کے 189 رنز بنالیے ہیں اور مہمان ٹیم کو 230رنز کی برتری حاصل ہے۔
ٹام بلنڈل 44 اور مائیکل بریسویل 25 رن کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، حسن علی، ابرار احمد اور میر حمزہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔