روسی افواج کے ساتھ جنگ میں مصروف یوکرین کا ایک فوجی ہیلمٹ سے گولی آر پار ہونے کے باوجود معجزاتی طور پر بچ گیا۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی چونکا دینے والی فوٹیج میں فوجی کے ہیلمٹ کے اگلے اور پچھلے حصے پر گولی کا سوراخ دیکھا جا سکتا ہے
ویڈیو میں مذکورہ فوجی بظاہر حیران نظر آتا ہے اور ہیلمٹ اتارتا ہے تاکہ دکھا سکے کہ گولی کیا کچھ کرسکتی تھی۔
ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گولی یوکرینی فوجی کے ہیلمٹ کی سخت اور نرم دونوں تہوں سے گزر گئی ہے، اور ہیلمٹ کا اندرونی مٹیریل باہر نکلا ہوا ہے۔
ویڈیو کے پس منظر میں ملبہ دیکھا جا سکتا ہے جو کہ یوکرین کے فوجیوں کے سامان کا ہے۔
ویڈیو گزشتہ روز ریڈ اِٹ پر پوسٹ کی گئی تھی، جس کے کیپشن میں لکھا گیا تھا ”یوکرینی جنگجو کا موت سے قریبی سامنا۔“
کئی سوشل میڈیا صارفین نے اسے معجزہ قرار دیا تو بعض نے ہیلمٹ کے معیار پر سوال اٹھایا۔
تاہم، مبینہ طور پر ڈیلی میل کے مطابق فوجیوں کے استعمال کیے جانے والے ہیلمٹ اکثر گولیوں کو روکنے کے لیے نہیں بنائے جاتے بلکہ ملبے اور نوکیلے ٹکڑوں سے بچانے کے لیے بنائے جاتے ہیں۔