Aaj Logo

شائع 03 جنوری 2023 09:40pm

نصرت فتح علی خان ہر دور کے 200 عظیم گلوکاروں کی فہرست میں شامل

امریکہ کے معروف جریدے رولنگ اسٹون نے لیجنڈری پاکستانی گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کو تاریخ انسانی کے 200 عظیم ترین گلوکاروں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

رولنگ اسٹون نے استاد نصرت فتح علی خان کا تعارف کراتے ہوئے انہیں ’شہنشاہ قوالی‘ کہا اور انہیں قوالی کی سلطنت کا آئیکون قرار دیتے ہوئے صدیوں پر محیط ان کے خاندانی وراثت کی تعریف کی۔

میگزین کے مطابق نصرت فتح علی خان نے اپنی بے مثل گائیکی سے پوری دنیا میں لوگوں کے دل جیتے اور خصوصی طور پر اسی کی دہائی میں پیٹر گیبریئل کیئے ’ریئل ورلڈ لیبل‘ کیلئے ان کی ریکارڈنگ اور پرفارمنس نے لوگوں کو بہت متاثر کیا۔

امریکی جریدے کے مطابق نصرت فتح علی خان کے مشہور مداحوں میں شہرہ آفاق گلوکارہ میڈونا بھی شامل تھیں جبکہ ایڈی ویڈر نے ’ڈیڈ مین واکنگ‘ کو ان کے ساتھ مل کر گایا۔

مضمون نگار نے مزید لکھا ہے کہ جیف بکلے نصرت فتح علی خان کو ’میرا ایلوس‘ کہتے تھے اور انہوں نے استاد کے ساتھ اچھے طریقے سے کام کرنے کیلئے اردو زبان بھی سیکھی۔

فہرست میں استاد نصرت فتح علی خان کو 91 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

عظیم ترین گلوکاروں کی فہرست میں انڈیا کی مشہور گلوکارہ لتا منگیشکر نے بھی جگہ پائی ہے اور رولنگ اسٹون نے ان کو ’پلے بیک گلوکاری کی ملکہ‘ اور ’سروں کی ملکہ‘ قرار دیا ہے۔

فہرست میں مصر کی مایہ ناز گلوکار ام کلثوم کو بھی شامل کیا گیا ہے جب کہ جدید دور کی گلوکارائیں لیڈی گاگا، ٹیلر سوئفٹ، آریانا گرانڈے اور بلی آئلش جیسی نئی گلوکارائیں بھی شامل ہیں۔

Read Comments