Aaj Logo

شائع 02 جنوری 2023 10:27am

بھارت میں بے روزگاری بڑھ گئی، اعداد و شمارسامنے آگئے

دنیا میں بے روزگاری کی شرح نہ صرف بڑھ رہی ہے بلکہ اس سنگین مسئلے کوحل کرنے کے لئے کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔

سنٹرفارمانیٹرنگ انڈین اکانومی (سی ایم آئی ای) کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں بھارت میں بے روزگاری کی شرح 16 ماہ کی بلند ترین سطح پر 8.30 فیصد پر پہنچ گئی، جو گزشتہ مہینے میں 8.00 فیصد تھی۔

بھارت میں بے روزگار افراد کی بڑھتی ہوئی شرح نے بھارتیوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے جبکہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ دسمبر میں شہری سطح پر بے روزگاری کی شرح بڑھ کر 10.09 فیصد ہو گئی، جو نومبرمیں 8.96 فیصد تھی، جبکہ دیہی علاقوں میں بے روزگاری کی شرح 7.55 فیصد سے گھٹ کر 7.44 فیصد ہوگئی۔

بھارت میں شہری علاقوں میں بے روزگار افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اسی حوالے سے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے (سی ایم آئی ای) کے مینیجنگ ڈائریکٹر مہیش ویاس کہتے ہیں کہ بے روزگاری کی شرح میں اضافہ اتنا برا نہیں جتنا لگ رہا ہے کیونکہ لیبر فورس میں اضافہ سب سے زیادہ ہے اور دسمبر میں 40.48 فیصد تک اضافہ ہوا، جو 12 ماہ میں سب سے زیادہ ہے۔

مہیش ویاس نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ دسمبر میں روزگار کی شرح بڑھ کر 37.1 فیصد ہو گئی ہے جو کہ جنوری 2022 کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔

یاد رہے 2024 میں ہونے والےعام انتخابات سے قبل وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے لیے مہنگائی پر قابو پانا اور نوجوانوں کے لیے ملازمتیں پیدا کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے۔

Read Comments