قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی سال 2022 میں کارکردگی اور ٹیم کے یادگار لمحات شیئر کر دیے۔
پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2022 میں وائٹ بال کرکٹ میں قابل ذکر کارکردگی دکھائی لیکن ریڈ بال کرکٹ میں زیادہ کامیابی نہیں سمیٹ سکے۔
کپتان قومی ٹیم نے کہا کہ ایشیا کپ اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی پر خوش ہیں لیکن ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دینا یادگار لمحہ رہا۔
بابر اعظم نے کہا کہ سری لنکا میں ریکارڈ ٹیسٹ ہدف حاصل کرنا بھی یادگار لمحہ ہے، مشکل پچ پر دوسری اننگز میں عبداللہ شفیق نے 160رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی لیکن مجموعی طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں توقعاٹ کے مطابق نہیں کھیل سکے۔
کپتان قومی ٹیم نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ٹیسٹ میچ کے حوالے سے سال ویسا نہیں رہا، 3 بڑی اور اچھی ٹیمیں پاکستان آئیں۔
بابر اعظم نے پاکستان میں ہونے والے انٹرنیشنل میچز کے دوران اسٹیڈیم آنے والے شائقین کی بھی تعریف کی۔