Aaj Logo

شائع 01 جنوری 2023 10:39am

قوم پر اعتماد ہے، 2023 میں پی ٹی آئی مضبوط حکومت بنائے گی، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ رب العزت پر ایمان اور اپنی قوم پر اعتماد ہے کہ 2023 میں انتخاب کے ذریعے تحریک انصاف مضبوط حکومت بنائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سال 2022“ بیک وقت بہترین اور بدترین تھا“، ذاتی مفاد میں گندھی ایک سازش کے ذریعے بہترین معاشی کارکردگی دکھانے والی حکومت کو ہٹایا گیا اور پاکستان کو مجرموں کے ایک گروہ کے حوالے کر دیا گیا، اس گروہ نے معیشت زمیں بوس کی، خود کو این آر او ٹو دیا اور نیب قانون میں ترامیم کے ذریعے تمام وائٹ کالر کریمینلز کے لئے لوٹ مار کے دروازے کھول دیے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ سال بہترین یوں تھا کہ اسی دوران میں نے اہلِ پاکستان کو ایک قوم کے سانچے میں ڈھلتے دیکھا، الیکشن کمیشن اور ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے یکجا ہو کر تحریک انصاف کے خلاف صف آراء ہونے کے باوجود تحریک انصاف غیرمعمولی عوامی تائید و حمایت سے 75 فیصد ضمنی انتخابات میں فتحیاب رہی اور اس نےخود کو صحیح معنوں میں ایک قومی جماعت کے طور پر منظم کیا ۔

انہوں نے کہا کہ آج کل قومی منظرنامے پر، خصوصاً دیوالیہ پن کے امکانات کے باعث چھائی مایوسی کے باوجود میرا رب العزت پر ایمان اور اپنی قوم پر اعتماد ہے کہ تحریک انصاف بلاشبہ 2023 میں انتخاب کے ذریعے ایک مضبوط حکومت قائم کرے گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کامزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پاکستان کو بحرانوں کی اس دلدل سے نجات دلوانے کے لئے ٹھوس ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کروائے گی،جس میں امپورٹڈ سرکار اور اس کے سرپرستوں نے ملک کو دھکیلا ہے۔

Read Comments