Aaj Logo

اپ ڈیٹ 31 دسمبر 2022 04:07pm

پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی جعفر خان لغاری انتقال کرگئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ قومی اسمبلی جعفر خان لغاری انتقال کرگئے ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق بزرگ سیاستدان سردار جعفر خان لغاری کا انتقال صبح 8 بجے دل کا دورہ پڑنے سے ہوا، وہ طویل عرصہ سے کینسر میں بھی مبتلا تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے سردار محمد جعفر خان لغاری کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اورمرحوم کی اہلیہ مینا لغاری کو فون کرکے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ سردار جعفر لغاری کی سماجی و سیاسی خدمات کو یاد رکھا جائے گا، اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اورلواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

سینیئرترین ارکان قومی اسمبلی میں شمار کیے جانے والے سردار جعفر خان لغاری سال 2002 میں حلقہ این اے 174 راجن پور1 سے قومی اتحاد کے امیدوار کے طور پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

مرحوم جعفر خان لغاری سال 2008 میں بھی حلقہ این اے 174 (راجن پور) سے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر دوبارہ قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ سال 2013 کے عام انتخابات میں راجن پور1 کے حلقہ NA-174 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے طور پر دوبارہ قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے.

جعفر خان لغاری نے 2018 میں مسلم لیگ (ن) کو خیر باد کہہ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔

Read Comments