پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عمل نہ کر کے الیکشن کمیشن نے پھر ثابت کیا ہے کہ یہ امپورٹڈ حکومت اور اس کے سرپرستوں کی بی ٹیم ہے۔
اپنے ٹوئٹر بیان میں عمران خان نے کہا کہ عوام سے خوفزدہ پی ڈی ایم ہر انتخابی میدان سے بھاگ رہی ہے۔ ووٹ کا حق بنیادی جمہوری اصول ہے اور پی ٹی آئی پوری دلجمعی سےاس پر قائم ہے۔
اس سے قبل، مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں انٹراکورٹ اپیل دائر کردی ہے، حکومت کو یونین کونسلز میں اضافے کا اختیار حاصل ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک ہزار پولنگ اسٹیشن پر تقریباً25 ہزار افراد کو تعینات کرنا تھا۔ ایک رات میں اتنے لوگوں کی تعیناتی ممکن نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات آج کرانے کا حکم دیا تھا، عدالت کا احترام کرتے ہیں، ایک رات میں انتظامات ممکن نہیں۔