پاکستان کی ٹیکسٹائل جائنٹ نشاط چونیاں لمیٹڈ (این سی ایل) نے مارکیٹ کے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے بدھ کے روز اعلان کیا کہ وہ جنوری سے اپنے اسپنڈلز (پلانٹ) جزوی طور پر بند کر دیں گے۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں بڑھتے ہوئے قرضے، زرمبادلہ کے کم ذخائر، اور توانائی کی کمی شامل ہیں، جنہوں نے کمپنیوں کو یا تو اپنا کام بند کرنے یا محدود کرنے پر مجبور کیا ہے۔
ٹیکسٹائل مینوفیکچرر ”این سی ایل“ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ مارکیٹ کے حالات میں بہتری کے بعد سپنڈلز دوبارہ کام شروع کر دیں گے۔
نشاط کا کہنا تھا کہ ”کمپنی کے پاس اسپننگ ڈویژن میں 219,528 سپنڈلز اور 2,880 روٹرز کی تنصیب کی گنجائش ہے۔ کمپنی نے موجودہ مارکیٹ کے حالات کی وجہ سے، ایک ماہ بعد 51,360 سپنڈلز کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔“
”تاہم، باقی یونٹ معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔“
مارکیٹ کے حالات بہتر ہوتے ہی کمپنی ان سپنڈلز کو دوبارہ شروع کر دے گی۔
این سی ایل منسوخ شدہ کمپنیز آرڈیننس 1984 کے تحت پاکستان میں شامل ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے۔
یہ کمپنی اسپننگ، ویونگ، ڈائینگ، پرنٹنگ، سلائی، پروسیسنگ، ڈبلنگ، سائزنگ، سوت، فیبرک، کچے کپاس، مصنوعی فائبر اور کپڑے سے بنے ہوئے سامان کی تجارت اور ڈیلنگ کے کاروبار میں مصروف ہے۔
یہ کمپنی بجلی کی پیداوار، تقسیم، سپلائی اور فروخت بھی کرتی ہے۔
ٹیکسٹائل سیکٹر، جو پاکستان کا سب سے بڑا برآمدی رسد پیدا کرتا ہے معاشی سست روی کی گرمی کو محسوس کر رہا ہے۔
کچھ دن پہلے، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (APTMA) نے خبردار کیا تھا کہ 2023 کے بعد سے ملک کی ٹیکسٹائل برآمدات ماہانہ 1 بلین ڈالر سے کم ہو سکتی ہیں، جس سے اس شعبے کو درپیش مسائل کی ایک حد کو اجاگر کیا جا رہا ہے جو اس وقت 50 فیصد سے کم صلاحیت کے استعمال پر کام کر رہا ہے۔
23 دسمبر 2022 کو وزیر اعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں، اپٹما کے سربراہ گوہر اعجاز نے سپلائی چین میں کمی کی وجہ لیکویڈیٹی کی رکاوٹوں، توانائی کی قلت اور نئے پراجیکٹس پر کام نہ ہونے کو قرار دیا۔
اس ماہ کے شروع میں، کوہ نور اسپننگ ملز لمیٹڈ (KOSM)، جو دھاگے، کپڑے اور سلے ہوئے کپڑے کی صنعت کار اور برآمد کنندہ ہے، نے اپنی پیداواری سہولت کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا اور بندش کی مدت کے بارے میں کوئی ٹائم لائن دینے سے گریز کیا۔
ٹیکسٹائل کمپنی نے اس وقت کہا تھا کہ ”موجودہ عالمی اور معاشی بدحالی، پلانٹ کی زائد دیکھ بھال، پیداوار کی زیادہ لاگت اور کم مانگ کی وجہ سے پیداواری فیسیلیٹی (پلانٹ) کو چلانا ممکن نہیں ہے۔ لہٰذا، انتظامیہ نے فوری طور پر کمپنی کی پیداواری سرگرمیوں کو عارضی طور پر بند/روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔“
گزشتہ ماہ، پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (PHMEA) نے ٹیکسٹائل کی برآمدات میں کمی کے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور ملک کی برآمدات میں اضافے کو یقینی بنانے کے لیے ڈیوٹی ڈرا بیک آف لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز (DLTL) اسکیم کو جاری رکھنے پر زور دیا۔