Aaj Logo

شائع 26 دسمبر 2022 03:50pm

امریکہ اور کینیڈا میں برفانی طوفان سے 50 ہلاک، لوگ گھروں میں محصور

امریکہ اور کینیڈا میں آنے والے برفانی طوفان کے سبب جانی نقصان بڑھتا جا رہا ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ برطانیہ کے سکائی ٹی وی کے مطابق اب تک برفانی طوفان سے 50 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

اسکائی نیوز کے مطابق چار ہلاکتیں کینیڈا میں ہوئیں جہاں ایک بس الٹ گئی جب تک دیگر تمام اموات امریکہ میں ہوئی ہیں۔

جمعرات سے شروع ہونے والے برفانی طوفان ’بم سائیکلون‘ نے امریکہ اور کینیڈا میں 25 کروڑ افراد کو متاثر کیا ہے۔ یہ طوفان امریکی ریاست ٹیکساس سے لے کر کینیڈا کی سرحدی ریاست کیوبک تک 2 ہزار میل (3200 کلومیٹر) کے علاقے میں پھیلا ہوا ہے۔ ان ریاستوں میں حد نگاہ زیرو ہوچکی ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہیں۔

امریکہ میں مینی سوٹا، آئیوا، وسکانسن، مشی گن اور ریاست نیویارک کا علاقہ بفیولو شدید متاثر ہوئے ہیں۔ بفیلو میں حالات سب سے زیادہ خراب ہیں۔ یہاں 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

مرنے والوں میں کچھ گاڑیوں میں پھنس کر ہلاک ہوئے اور کھلے آسمان تلے رہنے کی وجہ سے۔ جب کہ طوفان کی وجہ سے ہزاروں گھروں کی بجلی معطل ہوگئی ہے۔ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار لوگوں کو نکالنے کیلئے مشکل علاقوں تک پہنچ رہے ہیں۔

کینیڈا کی نسبت امریکہ میں برفانی طوفان سے زیادہ تباہی کا سبب Lake-effect یا جھیلوں کے باعث پیدا ہونے والے اثرات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ کینیڈا سے آنیوالے سرد ہوا جب دونوں ممالک کے سرحدی علاقے میں موجود جھیلوں کے اوپر سے گزرتی ہے۔ اس دوران جھیلوں کے گرم پانی سے نمی ہوا میں شامل ہو جاتی ہے جو امریکہ میں برفانی طوفان کی شکل اختیار کر جاتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ برفانی طوفان کی شدت منگل سے کم ہونا شروع ہو جائے گی۔

Read Comments